شہباز شریف، علی شیر گورچانی، ارکان صوبائی اسمبلی طاہر پرویز، علی زرداری کیخلاف انکوائری کی منظوری
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف، سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی، رکن پنجاب اسمبلی محمد طاہر پرویز، رکن سندھ اسمبلی علی حسن زرداری سمیت دیگر افراد کے خلاف 7انکوائریوں، 5 انوسٹی گیشنزکی منظوری دے دی ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد ایڈن ہاوٗسنگ سوسائٹی اور دیگرکے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائرکرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نیب نے سابق ایم این اے سمیع الحسن گیلانی کے خلاف ٹیکس چوری کا کیس ایف بی آر کو بھیجنے کی بھی منظوری دی۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوا۔ ڈاکٹر محمد امجد ایڈن ہاوسنگ سوسائٹی اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر عوام کو پلاٹ فروخت کرنے کے نام پر دھوکہ دہی اور فراڈ کا الزام ہے جس سے متاثرہ عوام کو مبینہ طور پرتقریباً 25 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ میسرز کریم کاروبار کمپنی کراچی کے مالکان اور حصہ داران اور دیگرکے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر غیر معیاری گندم مہنگے داموں فروخت کرنے کے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور 80 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ محسن لطیف رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اور دیگر، علی حسن زرداری رکن سندھ اسمبلی، شیر علی گورچانی سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اور دیگر، رشید احمد چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی گلگت بلتستان ،محمد طاہر پرویز رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اور دیگر، محکمہ اوقاف ،ایل ڈی اے، محکمہ ریونیو کے افسران و اہلکاران، سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایف بی آر کے افسران و اہلکاران، کاشف صہبائی اور احسن صہبائی، شاہین ایئر انٹرنیشنل اینڈ شاہین انجینئرنگ اینڈ ایئرکرافٹ مینٹینینس سروسز کے مالکان کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 5 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی جس میں میسرز نرالہ ایم ایس آر فوڈز لمیٹڈ لاہور کے مالکان/ ڈائریکٹرز اور دیگر، میاں رشید حسین شہید میموریل ہاسپٹل پبی نوشہرہ کے افسران و اہلکاران ودیگر، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے افسران و اہلکاران اور دیگر، میٹرو کارپوریشن کوئٹہ کی انتظامیہ اور دیگر، انجینئر مقبول احمد سابق سیکرٹری محکمہ مائنز اینڈ منرلز حکومت بلوچستان اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشنزشامل ہیں۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سی ڈی اے کے افسران واہلکاران کے خلاف میسرز پی ایف او ڈبلیو اے، وحید پبلک ٹرسٹ اور روٹ ملینیم سکول کو اضافی مالی فوائد کے الزام میں کیس کوقانون کے مطابق کارروائی کے لئے سی ڈی اے کو بھیجنے کافیصلہ کیا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںخیبر پی کے حکومت کے افسرا ن و اہلکاران کے خلاف ڈاکٹر ناصر علی خان پراجیکٹ ڈائریکٹر پاک آسٹریا FACHHOCHSCHULE انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، منگ ہری پور کی تعیناتی سے متعلق کیس چیف سیکرٹری خیبرپی کے کو قانون کے مطابق مزید کارروائی کیلئے بھجنے کا فیصلہ کیا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سمیع الحسن گیلانی رکن قومی اسمبلی کے خلاف سمیع ٹا ئون کے ٹیکسز کی عدم ادائیگی کامعاملہ ایف بی آر اور غیر قانونی طو ر پر 97کنال اراضی غیر قانونی طور پر قبضہ میں رکھنے کا معاملہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کو قانون کے مطابق مزید کاروائی کے لئے بھجنے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ـ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔