• news

جسٹس مظاہر کا دورہ اڈیالہ جیل، زرداری کو طبی سہولتیں،شاہد خاقان کو بی کلاس دینے کا حکم

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے راولپنڈی کی ماتحت عدلیہ اور اڈیالہ جیل کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے شاہد خاقان عباسی کو جیل میں بی کلاس دینے جبکہ آصف زرداری کو جیل مینوئل اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے تحت طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس مظاہر نے آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسمٰعیل کی بیرکوں کا دورہ کیا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل میں بی کلاس نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور بی کلاس فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ سابق صدر نے جسٹس مظاہر کواپنی صحت کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے اڈیالہ جیل میں دیگر قیدیوں کے مسائل سن کر موقع پر دادرسی کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ قیدیوں کے بھی حقوق ہیں۔ انہوں نے کم سن بچوں کی بیرکوں کا بھی دورہ کیا اور سیشن جج کو ان کے کیسز کے فوری فیصلے کرنے کا حکم دیا۔قبل ازیں احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی کی طرف سے جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے لئے درخواست دائر کر دی گئی تھی جس پر جج محمد بشیر نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن