دنیا مودی کے مؤقف کو نہیں مان رہی‘ بھارتی فورسز خوار ہوکر کشمیر سے نکلیں گی: سردار عتیق
مظفرآباد/اسلام آباد(صباح نیوز) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر سے ذلیل ہو کر نکلے گا کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں اور دنیا ہندوستان کے موقف کو تسلیم نہیں کر رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں یوتھ کے زیراہتمام پارلیمنٹ ہائوس کے باہر ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے طاقت کی بنیاد پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دبا رکھا ہے ۔ مودی ایک وحشی اور ظالم شخص کی پہچان رکھتا ہے ۔ جس نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کر کے عالمی بدنامی کمائی تھی اور امریکہ میں مودی کے داخلے پر کئی سال تک پابندی رہی اب یہی مودی امریکہ میں دندناتا پھررہا ہے ۔ یہ دنیا کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے ۔ سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ عوام جرات کے ساتھ ہندوستانی جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں مگر اقوام متحدہ اور امریکہ کو اس مرحلے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے ۔ یہ خاموشی خطے کو تباہی کی طرف دھکیلنے کا باعث بنے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کا خواب ادھورا رہے گا اس لیے اقوام عالم کو اس مرحلے پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اگر اس معاملے پر تاخیر کی گئی تو آزادکشمیر کے عوام ازخود کوئی قدم اٹھانے پر مجبور ہونگے۔تقریب سے ماحولیات کی وفاقی وزیر زرتاج گل ، سابق صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔