• news

پشاور: احتجاجی ڈاکٹرز پر پولیس کا لاٹھی چارج‘ شیلنگ‘ متعدد زخمی‘ 12 گرفتار

پشاور‘ لاہور (آئی ا ین پی + نیٹ نیوز + نیوز رپورٹر) پشاور کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال گرینڈ الائنس کے احتجاج کے دوران میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے ڈاکٹروں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ ہسپتال میں توڑ پھوڑ کے بعد 12 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈاکٹروں نے ایڈمنسٹریشن بلاک میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے روکنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، پولیس کے تشدد سے متعدد مظاہرین اور خواتین زخمی ہوگئیں۔ ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے ڈسٹرکٹ اینڈ ریجنل ہیلتھ اتھارٹی ایکٹ قبول نہیں۔ ادھر مطالبات منوانے کے لئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے الائیڈ اور سول ہسپتال فیصل آباد کے آئوٹ ڈورز بند کر دیئے، ریڈیالوجی اور آپریشن تھیٹر بند ہیں، مریض خوار ہو رہے ہیں۔ پولیس نے ڈاکٹرز تنظیم کے صدر ڈاکٹر عالمگیر کو حراست میں لیا تو حالات کشیدہ ہو گئے۔ پولیس کی بھاری نفری انتظامیہ بلاک میں تعینات کر دی گئی۔ پتھراؤ‘ آنسو گیس استعمال سے کئی ڈاکٹرز اور ہسپتال میں موجود لوگوں کی حالت غیر ہو گئی۔ پولیس تشدد کے خلاف ہیلتھ ملازیمن نے اسمبلی چوک میں دھرنا دیا اور خیبر روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پشاور میں ڈاکٹروں پر ہونے والے بدترین تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ پی ایم اے حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہو رکے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی نے کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر ملک شاہد شوکت جنرل سیکرٹری پی ایم اے لاہور، ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر تنویر انور، ڈاکٹر علیم نواز، ڈاکٹرارم شہزادی، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق، ڈاکٹر شاہد شہاب،ڈاکٹر سلمان کاظمی، ڈاکٹر رانا سہیل، ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن