سعودی عرب نے یمن کیلئے 500ملین ڈالر کا عطیہ اقوام متحدہ کے حوالے کر دیا
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب نے یمن کے لیے 500 ملین ڈالر کا نیا عطیہ اقوام متحدہ کے حوالے کردیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے سیکرٹری اقوام متحدہ برائے انسانی امور مارک لوکوک کو 500 ملین ڈالر کا چیک پیش کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں انسانی خدمات کے لئے نیا عطیہ ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے میڈیا کو بتایا کہ سعودی عرب اور یمن کے تعلقات تاریخی ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ بحرانی حالات میں یمن کا ساتھ دیا ہے اور کئی عشروں سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے امداد فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کی تنظیموں کے تعاون سے یمن میں قحط سالی کو روکنے اور وباؤں پر قابو پانے کے لیے امدادی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور یمن کے اقتصادی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آئندہ بھی اقداما ت کرتا رہے گا۔