پنجاب اسمبلی:ایک قرارداد‘ ایک تحریک التواء جمع مریم نواز کو جیل میں بی کلاس دینے کا مطالبہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مریم نواز کو جیل میں ’’ بی کلاس‘‘ کی بجائے ’’سی کلاس‘‘ کی سہولیات دینے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع، قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں کہا گیا ہے کوٹ لکھپت جیل حکام نے محکمہ داخلہ کے احکامات کو نظرانداز کردیا ہے۔ گھر سے منگوایا سامان بھی رکھنے کی اجازت ہے نہ کمرے میں پنکھے کی سہولت دی گئی۔ حکومت انتقام کی آڑ میں مریم نواز کی تذلیل کررہی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا مریم نواز کو محکمہ داخلہ کی ہدایات کے مطابق ’’بی کلاس‘‘ کی سہولت مہیا کی جائے۔ دوسری طرف چیئرپرسن سٹیڈنگ کمیٹی و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس کے مطابق دانش سکول اتھارٹی نے اخراجات کو مزید کم کرنے کے لئے منصوبہ تیار کرلیا ہے ، تمام سکولوں میں چھٹی ،ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں ڈے سکالر پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت ہر کلاس میں چھ سے آٹھ بچوں کا داخلہ کیا جائے گا۔