• news

کشمیر کی تحریک نے دوستوں‘ دشمنوں کی پہچان کرا دی: خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی کشمیر پر ہونے والے مظالم کی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ نجی یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر بھی کشمیریوں کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور کشمیر کی جنگ انٹرنیشنل میڈیا پر بھی لڑی جا رہی ہے۔ کشمیر کی اس تحریک نے ہمیں دوستوں اور دشمنوں کی پہچان کروا دی ہے۔ اس مشکل وقت میں صرف تین دوست ممالک چین، ایران اور ترکی ہمارے ساتھ ہیں اور اس تحریک میں ہماری خارجہ پالیسیوں کی ناکامیاں بھی سامنے آ گئی ہیں۔ پاک چین دوستی میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران کمی ہوئی جبکہ روس اور ترکی کے ساتھ تعلقات میں بھی کوئی بہتری نہیں آئی۔ امریکہ کے ساتھ ہمارا صرف ٹرانزیکشن کا تعلق رہا ہے امریکہ کے ساتھ تعلق میں ہمیشہ امریکہ نے ہمیں استعمال کر کے اپنا فائدہ اٹھایا ہے۔ اور جن کو ہم دوست کہتے ہیں انکے بھارت کے ساتھ آج بہترین تعلقات ہیں ۔ ان سب معاملات میں ہماری خارجہ پالیسیوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ جنیوا میں ہمیشہ سولہ ووٹ بھی کشمیر کے معاملے پر نہیں مل سکے۔ کشمیریوں نے ہی اپنا خون نہیں بہایا پاکستان نے بھی کشمیر کیلئے تین جنگیں لڑی ہیں۔ فلسطین ہو یا کشمیر ہمیشہ ہی مسلمانوں پر ہی ظلم ڈھائے گئے ہیں۔ کشمیر کی جنگ جلد آزادی کی جانب کامیابی حاصل کرے گی۔ خواجہ آصف نے اپیل کی کشمیر پر ہونے والے مظالم کو سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے۔ نیٹ نیوز کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں جو کچھ کیا وہ مغربی طاقتوں کو اعتماد میں لے کر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن