عمران کی تقریر مودی سرکار کیخلاف چارج شیٹ، دنیا کیلئے وارننگ ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں جرأت اور مدلل انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی تاریخ ساز تقریر کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور انہوں نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔ عمران خان نے بھارت کے فاشسٹ عزائم کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا ہے اور یہ تقریر مودی سرکار کے خلاف چارج شیٹ اور دنیا کیلئے وارننگ ہے۔ عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر ہیں اور ان کی تقریر کا ایک ایک لفظ دل سے نکلا۔ کشمیر کاز کا مقدمہ مدبر بن کر لڑا ہے اور اس سے قبل پاکستان کے کسی وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں ایسی بے لاگ اور دلیرانہ تقریر نہیں کی۔ عمران خان کی جنرل اسمبلی میں دبنگ تقریر سے فاشسٹ مودی سرکار کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔ ولولہ انگیز تقریر نے کشمیریوں کو نیا حوصلہ عطا کیا ہے۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور کے آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے نیا پروگرام تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت آئوٹ آف سکول بچوں کیلئے 100 نئے پرائمری سکولز کھولنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ یہ پرائمری سکول ان علاقوں میں کرائے کی عمارتوں میں کھولے جائیںگے، جہاں قرب و جوار میں کوئی سکول نہیں۔ موبائل سکولز قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر10بسوں میں موبائل سکولز قائم کیے جائیںگے۔ لاہورکے گنجان علاقوں اور بزنس ایریاز میں کام کرنے والے بچوں کو موبائل سکولز میں تعلیم دی جائے گی۔ دونوں پروگرامز پر مجموعی طور پر تقریباً 26کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ امراض قلب سے آگاہی اور بچائو کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دل کی بیماریوں سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔ لائف سٹائل کو تبدیل کر کے دل کے عوارض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ پچھلی حکومتیں 10سال میں ایسا ایک دل کا ہسپتال نہیں بنا سکیں جو بین الاقوامی سطح کی سہولتیں مہیا کر سکیں۔ عثمان بزدار نے سینئر سیاستدان چوہدری محمد انور بھنڈر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا انتقال کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شدید بارش کے باعث واسا، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیںاور واسا اور متعلقہ اداروں کے حکام فیلڈ میں موجود رہیں۔ عثمان بزدار نے چمن میں تاج روڈ پر دھماکے کی مذمت کی ہے۔