حکومت ڈینگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہی ہے:ڈی سی ننکانہ
ننکانہ صاحب(نامہ نگار)ضلع بھر میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت سمیت دیگر محکمے کاروائیوں میں مصروف ہیں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد ڈینگی ان ڈور سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے غوثیہ کالونی ننکانہ صاحب پہنچے جہاں انہوں نے اہل محلہ سے ڈینگی سروے کرنے والی ٹیموں بارے دریافت کیے اس موقعہ پر چیف ایگزیکٹو آفیسر(ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر شکیل احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ڈینگی کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ،ضلع بھر میں ڈینگی کا خاتمہ میرا عزم ہے، ضلع بھر میں ہاٹ اسپاٹ جگہوں پر مکمل چیکنگ جاری ہے اب تک ضلع بھر میں ڈینگی کے خاتمہ کیلئے 150سے زائد ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ڈینگی کے حوالے سے تمام محکموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جارہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کی روم تھام کے لئے کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔