کنٹرول لائن: بھارت کی شدید گولہ باری، خاتون اور لڑکا شہید: پاک فوج کا بھرپور جواب
ظفروال/ اسلام آباد (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی جانب سے نکیال سیکٹر پر شدید گولہ باری سے دو افراد نے جام شہادت نوش کیا۔ تفصیل کے مطابق لائن آف کنٹرول نکیال سیکٹر کے سرحدی گائوں اندروٹھ دریاڑی میں اللہ درہ مہلو کے گھر گولہ گرنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوئے اور ایک خاتون سلامت بی بی شہید ہوئی جبکہ ذیشان بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ انڈین آرمی نے ایل او سی کے پسپہ سیکٹر میں شہری آبادی پر گولہ باری شروع کر دی اور پاک آرمی کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ بلااشتعال فائرنگ سے بزرگ خاتون سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان ایوب شہید ہو گئے۔ دو خواتین سمیت تین شہری زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج نے بلااشتعال بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا۔