ہر سال ’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ کے 2 فیز مکمل کرینگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میںخرم شہزاد، ملک نواب شیر وسیر اور رضا نصراللہ شامل تھے۔ ملاقات میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہر اور ہر گائوں کے مسائل پر نظر ہے، حل کیلئے شب و روز کوشاں ہیں۔ عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ ہر سال ’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ کے دو فیز مکمل کئے جائیں گے۔ پنجاب میں امسال دسمبر تک 1500 کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ ’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ 5 سال جاری رہے گا۔ دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پہلے مرحلے پر15 ارب روپے خرچ ہوں گے۔’’ نیا پاکستان منزلیں آسان ‘‘کے دوسرے مرحلے کا آغاز جنوری 2020ء میں ہو گا۔ ’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ پروگرام کی تکمیل سے کھیت سے منڈی تک آسان رسائی ممکن ہوگی۔ ارکان اسمبلی ڈینگی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ڈینگی کے خلاف مہم کو تحریک سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے نواب ٹائون میں پولیس کے مبینہ تشد دسے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ غیرجانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے شہری کے جاں بحق ہونے کی وجوہات کا تعین کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے-انہوںنے کہاکہ جاں بحق شہری کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کامیاب دورہ امریکہ اور جنرل اسمبلی میں ولولہ انگیز خطاب پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی ہے- وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے- وزیراعظم عمران خا ن کے تاریخ ساز خطاب نے مظلوم کشمیریوں کو نیا حوصلہ دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ کشمیر کے سفیر بن کر پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے فاشسٹ مودی سرکار کے چہرے سے نام نہاد جمہوریت کا لبادہ بے نقاب کیا- دنیاکی توجہ اب تنازعہ کشمیر کی جانب مبذول ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کو پوری دنیا میں اجاگر کردیا ہے۔ بھارتی حکومت اب اس مسئلے سے آنکھیں نہیں چرا سکتی -اقوام عالم کو مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔