کمیشنر آفس کے قریب، لورالائی: ایگل فورس پر خودکش حملہ، اہلکار شہید، دوسرا ملزم مقابلے میں ہلاک
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)بلوچستان کے ضلع لو رالائی میں پو لیس اہلکاروں پر خودکش حملے میں ایک اہلکار شہید دو زخمی ، خود کش حملہ آور سمیت فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ سہولت کار ہلاک ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق پیر کو لورالائی میں کوئٹہ روڈ پر سرکٹ ہائوس کے قریب پولیس کے ایگل اسکواڈکے اہلکار ناکہ لگا کر چیکنگ میں مصروف تھے کہ انہوں نے ایک مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی ، پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار وں کا تعا قب کیا جس پر زراعت کے دفتر کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جبکہ اسی اثناء میں ایک مبینہ دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل غلام محمد شہید جبکہ تین اہلکار میر احمد، محمد نیازاور عبدالمنان شدید زخمی ہوگئے ،پولیس اہلکار وں سے فائرنگ کے تبادلے میں خودکش حملہ آور کا مبینہ ساتھی بھی ہلاک ہوگیا ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ، پولیس حکام کے مطابق مبینہ سہولت کار د خود کش بمبار کو موٹرسائیکل پر کسی مقام پر منتقل کرنا چاہتا تھاجائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد مزید تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں