شناختی کارڈ پر تاجروں سے ڈیڈ لاک نہیں، مذاکرات کیلئے تیار ہیں: چیئرمین ایف بی آر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سید شبر زیدی کا کہنا ہے کہ امپورٹ بل میں تین ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے منی بجٹ لانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امپورٹ میں کمی کے باعث 120 ارب روپے کی کلیکشن کم رہی، درآمدی بل کی وجہ سے کلیکشن میں کمی کو نکالا جائے تو ٹارگٹ سے زیادہ ٹیکس جمع ہوا۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ادارے کا ریونیو شارٹ فال 111 ارب روپے رہا، پہلی سہ ماہی میں 963 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا گیا، پہلی سہہ ماہی میں ریفنڈز ٹارگٹ کے مطابق ادا کیے، متوقع ٹیکس ریفنڈ 75 ارب روپے کے تھے۔ سید شبر زیدی کا کہنا تھا کہ تاجروں کے ساتھ شناختی کارڈ کے معاملہ پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، تاجروں کے ساتھ مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، تاجروں کو دو روز قبل مذاکرات کے لیے بلایا گیا تھا مگر نہیں آئے۔ چیئرمین ایف بی آر نے ریونیو شارٹ فال کی بڑی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس کی بڑی وجہ درآمدات میں کمی ہے، ابھی ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے کوئی منی بجٹ لانے کی تجویز زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ بل میں 3 ارب ڈالر کی کمی ہوئی۔ تاجروں کی تمام جائز شرائط ماننے کو تیار ہیں۔ شناختی کارڈ کی شرط میں ایک ماہ کی توسیع ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ الحمد للہ پہلی سہ ماہی کے دوران بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا ہے۔