• news

سمن آباد میں بوسیدہ مکان کا چھت گر گئی، 2 خواتین سمیت 3 جاںبحق

لاہور،مردان(نامہ نگار+نیوز رپورٹر+ایجنسیاں) لاہور اور مردان میں گھروں کی چھتیں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جانبحق جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سمن آباد کے علاقہ پکی ٹھٹھی میں بوسیدہ مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں گھر میں موجود خواتین و بچوں سمیت 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کرتے ہوئے تین افراد 75 سالہ محمد شریف،45 سالہ نازیہ اور 45 سالہ رفعت بی بی کی لاشیں ملبے تلے سے نکال کر مردہ خانے منتقل کر دیں جبکہ زخمی ہونے والے سات افراد 7سالہ مریم، 20 سالہ ماہ نور، 45 سالہ رانی، 47سالہ عاصمہ، 23 سالہ وقاص اور 20 سالہ اویس و دیگر کوطبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس واقعہ پر علاقہ میں سوگواری کی فضاء چھا گئی، واقعہ کی اطلاع پرصوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال، کمشنر و ڈی سی لاہور سمیت دیگر افسران نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ میاں اسلم اقبال نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ شہر میں خستہ حال عمارتوں کے سرو ے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ دریں اثناء مردان میں تیز آندھی اور بارش کے باعث چھتیں گرنے کے تین مختلف واقعات رونما ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق چھتیں گرنے کے باعث 5افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ ایک واقعہ میں میاں، بیوی اور دو بچے جان سے گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ستر سالہ قلندر شاہ، ذاکراللہ ان کی اہلیہ تین سالہ بیٹا عبدالصمد اور دو سالہ بیٹی سپنا شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن