نیب میں پی ٹی آئی کے عامر کیانی سمیت 4 انکوائریاں شروع‘ کئی بند کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد‘ راولپنڈی (نامہ نگار/ نوائے وقت رپورٹ) نیب نے پی ٹی آئی کے ایم این اے عامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر سابق وزیر عامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین نیب نے عامر محمود کیانی کے خلاف نیب راولپنڈی کو انکوائری کی ہدایت کر دی۔ نیب کو رواں سال عامر محمود کیانی کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں۔ شکایات کی تصدیق کے بعد انکوائری کا حکم دیا گیا۔ عامر کیانی 2018 ء سے اپریل 2019 ء تک وفاقی وزیر صحت رہے وہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوان عناصر کے خلاف 4انکوائریاں شروع کرنے، کئی مقدمات متعلقہ اداروں کو بھجوانے اور بعض انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز عدم شواہد کی بنیاد پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں ہوا۔ جن 4 انکوائریوں کی منظوری دی گئی ان میںواپڈا واٹر ونگ اسلام آباد کے افسران و اہلکاران اور دیگر، محکمہ آبپاشی راجن پور اور نشان انجینئرنگ کے افسران و اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائریز شامل ہیں۔ اجلاس میں قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں راجہ محمد ذرات خان آف میسرز بھاون شاہ گروپ آف کمپنیز کے اور دیگر کے خلاف 15 مختلف انوسٹی گیشنز ایف بی آر کو قانون کے مطابق مزید کاروائی کے لئے بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں عبدا لولی خان یونیورسٹی مردان کے افسران و اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن چیف سیکرٹری خیبر پی کے کو مزید قانونی کاروائی کے لئے بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ورکرز ویلفئر بورڈ خیبر پی کے کے افسران اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کو مزید قانونی کاروائی کے لئے بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ بورڈ کے اجلاس میں سردار قیصر عباس خان سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب کے خلاف کیس بورڈ آف ریونیو پنجاب کو مزید قانونی کاروائی کے لئے بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے عارف علی شاہ بخاری اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن جبکہ صوبائی ورکرز ویلفئر بورڈ حکومت سندھ اور دیگر، وائس چانسلر فیڈرل اردو یونیورٹی آف آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی اور دیگر، صائمہ بلڈرزصائمہ گروپ ، شعبہ ریونیو ضلع کراچی کے افسران و اہلکاران اور دیگر، امیرزادہ خان کوہاٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کراچی، ایوب فیضانی ڈی ڈی لینڈ، مراد علی جونیجو، سابق آفیسر ایم ڈی اے، بشارت کلرک (شاہ لطیف خان ٹائون سیکٹر 22/F) اور دیگر، میسرز یونس حبیب اور دیگر، سردار ناصر عباس، سردار لال خان اور دیگر، محکمہ ریونیو چوبارہ لیہ کے اہلکاران اور دیگرکے خلاف اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق انکوائریز بند کرنے کی منظوری دی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب، "احتساب سب کے لئے " کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی نہ صرف اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے گزشتہ 22 ماہ میں 71 ارب روپے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں۔ نیب نے کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ نیب اعلامیہ کے مطابق چار رکنی کمیٹی چیئرمین نیب نے تشکیل دی ہے۔