مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں خاتون جاں بحق، 3زخمی
لاہور(نمائندہ خصوصی)ہیر کے علاقے میں تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا بیوی موقع پر جاں بحق جبکہ شوہر شدید زخمی ہوگیا ۔ہیر کی رہائشی 20 سالہ اقرا بی بی اپنے شوہر کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار بیدیاں روڈ گزر رہی تھی کہ تیز رفتار ٹرالر نے ان کی موٹرسائیکل سے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اقرا موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا شوہر شدید زخمی ہوگیا ۔پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔علاوہ ازیں قذافی اسٹیڈیم کے قریب فیروز پور روڈ پر ہونیوالے حادثے میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوارکو ٹکرمار دی، جس سے موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے گاڑی کا ڈرائیورگاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا، ریسکیو 1122 نے نوجوان کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کردیا۔دوسری جانب گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں تیز رفتار رکشا اور موٹر سائیکلوں کے تصادم کے نتیجے میں 24 سالہ طالب علم مختار زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔