پاکستان ڈیویلپمنٹ سکواڈ نے اومان جونیئر ہاکی ٹیم کو7-0سے مات دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ڈیویلپمنٹ سکواڈ نے پاکستان کے دورہ پر آئی اومان جونیئر ہاکی ٹیم کو سات صفر سے مات دیکر چار میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ 8 ویں منٹ میں پاکستان ڈیویلپمنٹ سکواڈ کے رانا عبدالوحید نے بال کو جال کی راہ دکھا کر پہلا گول سکور کیا۔ سات منٹ بعد رانا عبدالوحید نے ایک اور فیلڈ گول کر کے مقابلہ دو صفر کر دیا۔ دوسرے کوارٹر میں حماد انجم نے گول کر دیا۔ پہلے ہاف کا ٹائم ختم ہونے سے چار منٹ پہلے رانا سہیل نے پاکستان ٹیم کا چوتھا کیا۔تیسرے کوارٹر میں44 ویں منٹ میں رانا عبدالوحید نے جبکہ 45 ویں منٹ میں رضوان علی نے پنلٹی کارنر پر گول کیا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام پر پاکستان کو مہمان اومان ٹیم پر چھ صفر کی برتری حاصل تھی۔ چوتھے کوارٹر میں پاکستان ٹیم صرف ایک گول کر سکی جبکہ اومان ٹیم کوئی گول سکور کرنے میں ناکام رہی۔ پاکستان کی جانب سے ساتواں گول امجد علی خان نے پنلٹی کارنر پر کیا۔