• news

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف آپریشن، اکاؤنٹس منجمد، سی ڈی اے سے رپورٹ طلب

اسلام آباد (وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف سی ڈی اے آپریشن اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی درخواست پر سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سوسائٹی کے بینک اکاؤنٹس غیر منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے اگر بنی گالا کو ریگولرائز کررہے ہیں تو پھر باقیوں کو کیوں نہیں؟ اگر بنی گالا میں آپریشن نہیں کررہے تو کھوکھوں کو کیوں گرایا؟ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف سی ڈی اے آپریشن اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر دائر درخواست پرسماعت کی۔ سی ڈی اے کے نمائندے نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ بنی گالا کی ریگولرائزیشن کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے برہمی کاا ظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے اگر بنی گالا کو ریگولرائز کررہے ہیں تو پھر باقیوں کو کیوں نہیں؟ اگر بنی گالا میں آپریشن نہیں کررہے تو کھوکھوں کو کیوں گرایا؟ بنی گالا میں غریب نہیں،امیر رہتے ہیں،اس لئے سی ڈی ایریگولرائز کررہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے رپورٹ کیوں جمع نہیں کرائی؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کیا ہم چیئرمین سی ڈی اے کو توہین عدالت میں طلب کرلیں؟ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

ای پیپر-دی نیشن