اپوزیشن سے معاملات طے، عمران 5 برس پورے کریں گے: شیخ رشید
کراچی(آن لائن، نوائے وقت رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا مولانا فضل الرحمان کو غفور حیدری کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ پنڈی اسلام آباد میں ڈینگی موجود ہے، مولانا وہیں رہیں تو اچھا ہے۔ گرفتاریوں کا موسم چل رہا ہے مجھے نہیں معلوم کہ کس کی گرفتاری ہونی ہے۔ بلاول نے کہا کہ وہ مراد علی شاہ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، میری کوشش ہوگی ایسا نہ ہونے دیا جائے، بلاول کو ٹائم لگے گا‘ ابھی وہ بچہ ہے۔ جو طعنے دیتے ہیں انہیں کہتا ہوں کہ چین سے بلٹ ٹرین پر بات کروں گا، عمران خان کے دور میں ہم بلٹ ٹرین بھی چلائیں گے۔ عمران خان کشمیر کیلئے لڑا ہے، مودی نے جو قدم لیا ہے اس سے وہ پھنس گیا ہے۔ شیخ رشید نے اپوزیشن سے معاملات طے ہونے اور موجودہ حکومت کے 5 سال پورے کرنے کا دعویٰ بھی کر دیا۔ فضل الرحمن کوئی لانگ مارچ نہیں کریں گے، سب طے ہے، پنڈی اسلام آباد میں بہت ڈینگی ہیں، مولانا کو کاٹ لیں گے، مولانا لانگ مارچ کرنے نکلیں گے تو ڈینگی کا سامنا کرنا پڑے گا، فضل الرحمن کا اصل کام تو عمران خان نے کر دیا۔