• news

کاروباری رکاوٹیں دور کرنے کے لئے آرمی چیف کی یقین دہانی خوش آئند: لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے کاروباری برادری کو کاروباری ماحول اور معیشت بہتر کرنے کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید کی ہے کہ اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری شعبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا عزم خوش آئند ہے، کاروبار ترقی کریں گے تو معیشت مضبوط ہوگی لہذا تاجروں کے ٹیکس نظام اور اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات پر تحفظات دور کیے جائیں۔ ریفنڈز کا عمل تیز کیا جائے، زرعی شعبے کے مسائل حل کیے جائیں اور یوٹیلٹی پرائسز کم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کردار تاجر برادری کے لیے سہولیاتی ادارہ ہونا چاہیے مگر موجودہ صورتحال اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا نظام پیچیدہ اور موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی تعداد میں کمی ٹیکس دہندگان کے لیے بڑا ریلیف ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھائے، سرحدوں پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چیکنگ کا نظام سخت کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو مصنوعات سمگلنگ کے لیے کشش رکھتی ہیں ان پر ڈیوٹیاں اور ٹیکسز ہر ممکن حد تک کم کردئیے جائیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حلال فوڈ سیکٹر سمیت تمام برآمدی شعبوں کو زیرو ریٹ قرار دے دیا جائے، حلال فوڈ کی عالمی تجارت کا حجم تین ٹریلین ڈالر سے زائد مگر پاکستان کااس میں حصہ بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاشا اور کالاباغ ڈیم پاکستان کو بھاری معاشی فائدہ پہنچاسکتے ہیں لہذا ان کے مخالفین کو نظر انداز کرکے یہ ڈیم جلد تعمیر کیے جائیں، ملک کو ان سے سستی بجلی حاصل ہوگی جو صنعتوں کو فائدہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کا زرعی شعبہ مشکلات سے دوچار ہے ، انہیں جلد سے جلد حل کیا جائے تاکہ ہم زرعی پیداوار میں خود کفیل ہوسکیں۔

ای پیپر-دی نیشن