• news

برطانوی شاہی جوڑے کے14سے 18اکتوبرتک دورہ پاکستان کی تفصیلات جاری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) برطانوی شاہی جوڑا ڈیوک اینڈ ڈیچس آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس بات کا اعلان شاہی جوڑے کے کمیونیکیشن سیکرٹری کی طرف سے کیا گیا۔ یہ دورہ برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کی درخواست پر کیا جا رہا ہے۔ شاہی خاندان کے اس جوڑے کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اگرچہ یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تاریخی تعلقات کے احترام میں کیا جا رہا ہے لیکن اس کا فوکس آج کے عہد کے پاکستان کو دیکھنا اور اسکا جائزہ لینا ہے۔ اس وقت پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات بہت متحرک ہیں۔ ان کے دورے کا آغاز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے ہو گا۔ شاہی جوڑا لاہور کے علاوہ شمالی علاقہ جات کے حسن سے بھی لطف اندوز ہو گا۔ وہ خیبرپختونخواہ کے سنگلاخ پہاڑ بھی دیکھنے جائیگا، شاہی مہمان دورہ پاکستان میں تقریباً ایک ہزار کلومیٹر کا سفر کریں گے۔ اپنے دورے میں یہ مہمان پاکستانی نوجوانوںاور ان کی تنظیموں سے ملاقات کریں گے اور ان سے گفتگو کر کے انکی خواہشات اور مستقبل کے ارادوں سے آگاہ ہونگے۔ شاہی مہمان پاکستان میں اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ پاکستانی شہری کس طرح موسمیاتی تبدیلیوں سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کر رہے ہیں۔ شاہی مہمان پاکستان میں عسکری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے جو پاکستان کی سلامتی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ اپنے دورے میں یہ شاہی مہمان پاکستان کے مختلف طبقات کے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے ملنے کی کوشش کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن