• news

ہزاروں خاندانوں کا ذریعہ روزگار کاٹیج انڈسٹری مرنے نہیں دینگے: اسلم اقبال

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت واطلاعات وثقافت میاں اسلم قبال کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن کے آفس میں اجلاس ہوا‘ جس میںصوبے میں چھوٹی ودرمیانی درجے کی صنعتوں کے فروغ اور کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کی حکمت عملی پر غورکیاگیا۔ میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام 36اضلاع میںمرحلہ وار پروگرام کے تحت کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کا پروگرام بنایا ہے اورمالی معاونت کے ذریعے کاٹیج انڈسٹری کو اپنے پائوں پر کھڑاکریں گے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار جلد کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ پروگرام کے تحت دستکاروں کو3لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دئیے جائیں گے اورپروگرام میں خواتین سرمایہ کاروں کو ترجیح دی جائے گی۔ کاٹیج انڈسٹری سے ہزاروں گھرانوں کا روزگار وابستہ ہے اس لئے کاٹیج انڈسٹری کو کسی صورت مرنے نہیں دیں گے۔ ترقی یافتہ ممالک نے چھوٹی صنعتوں کو فروغ دے کر خوشحالی کی منزل پائی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت بھی چھوٹی ودرمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دے کر اور کاٹیج انڈسٹری کو بحال کرکے ترقی کی منزل پائے گی۔ اجلاس میںسیکرٹری صنعت وتجارت اور پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن کے اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن