پنجاب: مزید 217 افراد ڈینگی کا شکار اسلام آباد، کراچی میں 2 جاں بحق
ساہیوال، لاہور (نمائندہ نوائے وقت، اے این این) پنجاب میں مزید 217 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے۔ لاہور میں 14 کیسز کی تصدیق، اسلام آباد اور کراچی میں 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ پنجاب نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال صوبے میں ڈینگی کے 4547 مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے 3925 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں اور 6 انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے کل512 کنفرم مریض زیر علاج ہیں، جبکہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 217 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور 178 ڈسچارج ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 169، لاہور میں14، مظفر گڑھ میں5، گجرات میں5، ساہیوال میں 5، ملتان میں 4، شیخوپورہ میں 3، سرگودھا میں 3، پاکپتن میں 2 جبکہ حافظ آباد، سیالکوٹ، لیہ، اٹک، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور میانوالی سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نوجوان 16 سالہ سعد 16 ، 25 سالہ محمد نویدڈینگی میں مبتلا ہوکر ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال منتقل ہوگئے جہاں اس وقت ڈینگی کے6مریض زیر علاج ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی سے دو اور مریض جان کی بازی ہار گئے۔ شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 173 شہری وائرس کا شکار ہوئے جبکہ اب تک تین ہزار چھ سو چوبیس کیس رپورٹ ہوئے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں رواں سال ڈینگی کے 217 کیس سامنے آئے۔ادھر خیبرپی کے میں چوبیس گھنٹوں میں مزید 110 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 4 ہزار 117 ہو گئی ہے۔ پشاور میں مزید 34 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی۔ اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں جہاں ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی کا ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا ہے۔ 40 سالہ شوکت کا تعلق آئی نائن کے علاقے سے تھا۔ مریض پچھلے دو دن سے ہسپتال میں زیر علاج تھا۔دوسری جانب لاہور میں بھی ڈینگی بے قابو ہے۔ 14 نئے مریض سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے۔ ملتان میں مزید 6 مریض نشتر ہسپتال منتقل کئے گئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 121 ہوگئی۔ فیصل آباد میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی سنچری مکمل ہو چکی ہے۔ الائیڈ ہسپتال میں مزید 5 مریض داخل کرائے گئے جس کے بعد تعداد 104 ہو گئی۔آزاد کشمیر میں بھی ڈینگی بے قابو ہو چکا ہے۔ وادی میں سات سو سے زائد افراد بخار میں مبتلا ہیں جبکہ ایک شخص جان کی بازی بھی ہار چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خنکی میں مزید اضافے پر جڑواں شہروں کیساتھ ملک بھر میں ڈینگی مچھر پر قابو پانے پر مدد ملے گی۔