• news

کرپشن مقدمات: نیب نے سابق وزراء اویس مظفر، بابر غوری کا ریکارڈ برطانیہ کو دیدیا

اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی کے خلاف نیب کی تحقیقات کے سلسلے میں اکرم درانی کے داماد سابق ایم پی اے عرفان درانی نیب پنڈی میں پیش ہوئے، نیب نے عرفان درانی سے اکرم درانی کے ساتھ کاروباری تعلقات کے حوالے سے سوالات کیے۔ عرفان درانی سے اکرم درانی کی کاروباری تفصیلات پر بھی سوالات کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اکرم خان درانی پر دو ہائوسنگ منصوبوں میں بھی کرپشن کا الزام ہے۔ جمعرات کو اکرم درانی کے قریبی دوست شفا شاہ، سابق ایم پی اے ریاض خان سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ دوسری جانب نیب راولپنڈی نے اس کیس میں اکرم درانی کے بیٹے زاہد درانی کو بھی طلب کر رکھا ہے جبکہ اکرم خان درانی کو 7اکتوبر کونیب میں پیش ہونا ہے۔ نیب حکام نے کرپشن کے مقدمات میں مطلوب لندن میں موجود پیپلزپارٹی کے سابق وزیر اویس مظفر اور ایم کیو ایم کے سابق ایم این اے بابر غوری کا ریکارڈ برطانوی حکام کو فراہم کردیا۔ برطانوی حکام نے گزشتہ ہفتے نیب حکام سے عمران فاروق قتل کیس، ٹڈاپ کیس اور ایم کیوایم منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے ملاقات کرکے ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی اور لندن میں موجود ملزموں کا ریکارڈ بھی مانگا تھا۔ اس پر نیب حکام نے کرپشن کے مقدمات میں مطلوب لندن میں موجود ملزموں کا ریکارڈ برطانوی حکام کو فراہم کردیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن