الیکشن کمشن سمیت سرکاری ویب سائٹس ہیک ہو رہی ہیں‘ سینٹ کمیٹی آئی ٹی میں انکشاف
اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی طرف سے ہمارے آئی ٹی سسٹم خاص کر الیکشن کمیشن کو ٹارگٹ کرکے ہیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھارتی ہیکرز کی جانب سے روزانہ 200 سے زائد بار ہیک کرنے کی کوشش ہوتی ہے، دیگر سرکاری اداروں کی ویب سائٹس پر بھی بھارتی ہیکرز کی جانب حملے ہو رہے ہیں ، پاکستان میں سائبر کرائم پر تو کچھ کام ہوا ہے مگر سائبر سیکورٹی پر کوئی کام نہیں ہوا۔کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ پی ٹی سی ایل میں حکومت پاکستان کے شیئرز 62فیصد ہونے کے باوجود مینجمنٹ کنٹرول اتصالات کے پاس ہے جبکہ اتصالات کے صرف26 فیصد شیئرز ہیں۔ جمعہ کو کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ٹی سی ایل کی نجکاری2006میں ہوئی حکومت کے 62فیصد پی ٹی سی ایل میں شیئرز ہیں، اتصلات کمپنی کے 26فیصد اور 12فیصد ملازمین کے شیئرز ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حکومت کے واضح شیئرز ہونے کے باوجود بھی مینجمنٹ کنڑول اتصلات کمپنی کے پاس ہے اور مینجمنٹ کے تمام معاملات اور انتظامی امورکمپنی کے پاس ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے انکشاف کیا کہ دشمن ملک بھارت کی طرف سے ہمارے آئی ٹی سسٹم خاص کر الیکشن کمیشن کو ٹارگٹ کرکے ہیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔