شائقین کی خوشی دیدنی ‘میچ سے کئی گھنٹے قبل ہی سٹیڈیم پہنچ گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے موقع پر لاہوریوں کے چہروں کی خوشی دیدنی تھی، شائقین سخت سکیورٹی کے باوجود فیملیزکے ہمراہ میچ سے کئی گھنٹے قبل ہی سٹیڈیم پہنچ گئے، سٹیڈیم کے اندر اور باہر قومی پرچموں کی بہار نظر آئی، خواتین، نوجوان اور بچے اپنے چہروں پر قومی پرچم پینٹ کراتے ہوئے نظر آئے، مہمان ٹیم کی سپورٹ کیلئے بھی نعرے لگائے جاتے رہے۔ شائقین کرکٹ اپنی فیملیوں کے ہمراہ میچ دیکھنے لئے سٹیڈیم آئے۔ شائقین کرکٹ کو پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک پہنچایا گیا۔شائقین کرکٹ پاکستان کے حق میں نعر ے لگاتے رہے جبکہ کئی منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مہمان ٹیم کی سپورٹ کے لئے ان کے حق میں بھی بھرپور نعرے لگائے گئے۔ سٹیڈیم میں داخلے کیلئے طویل قطاریں لگی رہیں اور اس دوران بد نظمی بھی دیکھنے میں آئی۔ کئی مقامات پر نوجوانوں نے پہلے داخلے کی کوشش میں قطاریں توڑ دیں اور دھکم پیل کی تاہم موقع پر موجود سکیورٹی نے حالات کو قابو کر لیا۔ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی جانب سے میچ کی سکیورٹی کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے۔ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ٹیموں کی ہوٹل سے سٹیڈیم آمد کے روٹ کی فضائی نگرانی کی جاتی رہی جبکہ میچ کے دوران بھی اسٹیڈیم کے اوپر اور اطراف کی آبادیوں کی فضائی نگرانی جاری رہی۔