• news

انڈر19 کرکٹ ‘ بلوچستان‘ سندھ‘ سدرن پنجاب کی ٹیمیں کامیاب

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی انڈر 19ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل‘ بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں ‘ سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 40 رنز جبکہ سدرن پنجاب نے ناردرن کو شکست دیدی۔ بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو6 وکٹوں سے شکست دے کر 3روزہ میچ کی شکست کا بدلہ لے لیا۔ سیالکوٹ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ خیبرپختونخوا ٹیم 25.2 اوورز میں 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ابوذر طارق 32 اور عبداللہ فاروق 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اختر شاہ نے 5 اور محمد جنید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بلوچستان نے ہدف 27ویں اوور میں 4 وکٹوں پر پورا کرلیا۔ محمد ابراہیم ناقابل شکست 40 اور عبیداللہ 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد وسیم جونیئر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 40 رنز سے مات دیدی۔ سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سندھ کی پوری ٹیم 45.5 اوورز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین شہریار رضوی نے 38 اور صائم ایوب نے 32 رنز بنائے۔ سعد بن اطہر نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سنٹرل پنجاب ٹیم 41 ویں اوور میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ عمر ایمان کی 44 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی۔ذیشان خان اور آرش علی خان نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔مظفرآباد میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 29 رنز سے شکست دیدی۔ سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اوپنر ز محمد باسط کے 72 اور عمر رحمان کے 48 رنز کی بدولت 7 وکٹوں پر 221 رنز بنائے۔ مہران ممتاز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ناردرن ٹیم 48 ویں اوور میں 192 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ طاہر حسین نے 4 ‘حارث جاوید اور عمررحمان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن