کراچی: اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کیس‘ مصطفی کمال‘ افتخار قائم خانی عدالت پیش
کراچی(صباح نیوز)کراچی کی احتساب عدالت میں ساحل سمندر کی اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ریفرنس میں نامزد پاک سر زمین پارٹی کے چئیرمین سید مصطفیٰ کمال اور سابق ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔نیب پراسٹیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کیلئے کارروائی شروع کی جاچکی ہے، مصطفیٰ کمال کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس میں تضاد ہے ہمیں ریفرنس کے متعلق مطمئن کیا جائے، دوسری جانب نجی بلڈر زین ملک نے مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دی، عدالت نے سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال نے ملک کی معاشی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا جو دعویٰ تھا اس کے نتائج نظر نہیں آرہے، غیر ملکی سرمایہ کاری ایسے نہیں ہوتی ،مقامی تاجر شدید پریشان ہے، صنعتکاروں کو آرمی چیف سے ملاقات کرنا پڑرہی ہے۔مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں غیر یقینی کی صورتحال ہے، اس وقت ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہے، یہ بڑے ہوکر کریمنل بنیں گے اور ملک کو کھوکلا کریں گے۔