پاکستان، عراق ایران اور سعودی عرب کشیدگی کم کرانے کیلئے متحرک
لاہور (نیٹ نیوز) ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے لگا، اسلام آباد کیساتھ عراق سمیت چند ممالک ایران اور سعودی عرب کے مابین کشیدگی میں کمی لانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونیوالی خبر کے مطابق سعودی عرب اور ایران کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات کرنے کی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے، مشرق وسطیٰ کے دونوں ممالک میں کافی عرصے سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل سعودی عرب گئے تھے، امریکا میں عمران خان نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی عرب نے ایران کے ساتھ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے ثالثی کی درخواست کی ہے۔ ایک پاکستانی اہلکار نے شناخت مخفی رکھتے ہوئے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان کو بتایا کہ جنگ نہیں چاہتے۔ محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے ثالثی کرنے کی درخواست کی تھی۔