• news

(ن) لیگ‘ پیپلزپارٹی مدارس طلباء کے ذریعے حکومت پر دبائو ڈالنا چاہتی ہیں: ہمایوں اختر

لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوںاختر خان نے کہا ہے کہ ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کیلئے حکومت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور یہی اپوزیشن کی بے چینی کی اصل وجہ ہے ،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہے اس لئے وہ مولانا فضل الرحمان کے پلیٹ فارم سے مدارس کے بچوں کے ذریعے حکومت پر دبائو ڈالنے کے حربے استعمال کر رہے ہیں ،حکومت کسی مارچ اور دھرنے سے خوفزدہ ہے اور نہ احتساب کے جاری عمل میں کوئی رکاوٹ ڈالی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے پارٹی رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ابھی تک عوام کو نام نہاد آزادی مارچ کا جواز نہیںبتایا ،حقیقت میں وہ اپنے احتجاج کے ذریعے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کو بچانااور ان کی گڑھے میں پڑی سیاست کو تقویت دینا چاہتے ہیں ۔ عوام کسی کو مذہبی کارڈ استعمال نہیں کرنے دیں گے بلکہ ایسے عناصر کا محاسبہ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ یہ پہلی جنگ ہے جس میں اپنے ساتھی سے کہا جارہا ہے کہ تم جائو ہم نومبر اور دسمبر میں آئینگے ،حکومت کا اٹل موقف ہے کہ لوٹ مارکی دولت واپس کرنے تک کسی کو کوئی رعایت نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ آج حکومت او رتمام دارے ایک پیچ پر ہیں جس کی وجہ سے خارجہ محاذ پر بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں ،اسی طرح سابقہ حکمرانوں کی بد اعمالیوں او رکرپشن کی وجہ سے مشکلات کی دلدل میں دھنسے ہوئے اپنے ملک کو بھی ریسکیو کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن کو اس سے بھی پریشانی لا حق ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر کے لئے جدوجہد کو سراہا جارہا ہے ،حکومت 27اکتوبر کو بھارت کے خلاف احتجاج کا پیشگی اعلان کر چکی ہے جبکہ مولانا فضل الرحما ن حکومت کے خلاف ہی صف آراء ہیں جس پر پوری قوم حیران ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن