کراچی میں کچرا کرائم ریٹ تشویشناک، حکومت نظر نہیں آرہی: فاروق ستار
کراچی(آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ لیاقت علی خان سے شروع ہونے والا سفر لیاقت قائم خانی پر آکر ختم ہو گیا ہے، بیڈ روم میں تو باتھ روم سنا تھا لیکن باتھ روم میں بیڈ روم پہلی بار دیکھا ہے، کراچی کا کچرہ ایک جگہ سے دوسری جگہ پھینکا جا رہا ہے، وفاقی، صوبائی، لوکل گورنمنٹ سب کچرہ اٹھانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ سابق جسٹس امیر ہانی مسلم جیسے قابل احترام ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے ا س میں سارے شہر کے اسٹیک ہولڈر آئیں اور ایک نظام بنایا جائے کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں کرائم ریٹ میں اضافہ بہت تشویشناک صورتحال ہے۔ گزشتہ دنوںطالبہ مصباح کو ڈکیتی کے دوران والد کے سامنے شہید کر دیا گیا۔ ایسے واقعات کی مذمت تو سب کر رہے ہیں لیکن سوال یہ ہے حکومت اس موقع پر کہاں ہے۔ انہوں نے کہا وزیر کو جب کراچی کا کتا کاٹے گا اسے اینٹی ریبیز نہ ملے گی تب یہ مسئلہ اٹھے گا۔ کراچی سمیت صوبے کے مسائل کوئی فرد واحد حل نہیں کر سکتا کراچی میں بارشوں کے بعد جو تباہی ہوئی ہے کراچی والے عمران خان کی صورت دیکھنے کو ترس گئے ہیں۔ عشرت العباد اور مصطفی کمال پارک بنا رہے تھے تو اور بہت سے لوگ اس بہتی کنگا میں ہاتھ دھو رہے تھے ۔ کراچی کا پیسہ صرف کراچی کی عوام پر لگنا چاہیے10کروڑ ابھی باغ ابن قاسم پر میئر کراچی نے لگائے کہاں لگے ہیں نظر نہیں آرہے۔