کراچی: پی ٹی آئی کا سابق عہدیدار ٹارگٹ کلنگ میں ہلاک
کراچی(نیٹ نیوز) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ٹارگٹ کلنگ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مدنی مسجد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت آصف ہارون عرف چکلی کے نام سے ہوئی جو عزیز آباد کے علاقے صدیق آباد کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول تحریک انصاف ضلع وسطی کا رہنما رہ چکا ہے۔ ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ ایس ایس پی سنٹرل عارف اسلم رائو کے مطابق مقتول ایک فعال بکی تھا اور سیاسی طور پر بہت متحرک نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول عصر کی نماز اسی مسجد میں پڑھتا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مقتول کے پاس خود بھی اسلحہ ہوتا تھا لیکن واردات کے وقت نہیں تھا۔ ایس ایس پی کے مطابق مقتول آصف کے سر میں گولی ماری گئی۔ موقع سے 30بور پستول کے خول ملے ہیں۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ آئی جی پولیس سندھ کلیم امام نے عائشہ منزل پر فائرنگ سے ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے عزیز آباد میں ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا امن دوبارہ خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ آصف ہارون کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔