ہمارا کوئی بھی شعبہ زندگی ایسا نہیں جس پر ہم ناز کر سکیں: مولانا فضل الرحمنٰ بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمنٰ بن محمد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا کوئی بھی شعبہ زندگی ایسا نہیں ہے جس پر ہم فخر اور ناز کر سکیں۔ غیروں کی تقلید میں ہم اپنی اساس اور اصل بھول گئے ہیں اور یہی طاغوتی طاقتیں اور غیر مسلم چاہتے ہیں کہ مسلمان کلی طور پر اپنی روایات اور اسلامی طرز زندگی چھوڑ کر ہمارے انداز اپنا لیں اور اس میں وہ کامیاب ہیں۔ ہمارے علماء اور دانشور نئی نسل کو بتائیں کہ ہماری بقاء اور سلامتی اپنے دین کی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے میں ہے جیسا کہ ہمارے نبی آخر الزماںؐ نے اسلامی ریاست قائم کر کے صحابہؓ کی تربیت فرمائی۔ انہوں نے اپنے اسوہ حسنہ اور عمل کے ذریعے وہ کر کے دکھایا اور سلامتی اور امن کے دین کی شمع روشن کی اسی پر عمل کرنے میں دین و دنیا سنور سکتی ہے۔ ہم اور ہماری نسل نو جس طرف لگی ہے وہ تباہی اور بربادی کے راستے ہیں جنہیں ہمیں چھوڑنا ہو گا۔