بھارت امن کا دشمن‘ اقوام متحدہ کشمیر پر ذمہ داری نبھائے: قمر الزماں بابر
لاہور (نیوز رپورٹر) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکزی وائس چیئرمین قمر الزماں بابر نے کہا ہے کہ دنیا کو ایٹمی جنگ کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی ذمہ داری نبھائے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ اقوام متحدہ اپنی رٹ منوانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا عالمی اداروں کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔ ’’کشمیر میں بھارتی مظالم اور عالمی اداروں کی ذمہ داریاں‘‘ سیمینار سے خطاب میں ارشاد عالم شاد‘ چودھری لئیق احمد‘ آغا شوکت‘ امجد عبید‘ اسامہ بابر‘ تنزیل الزماں مکرم شاہ نقوی نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم امن کیلئے خطرہ ہیں۔ دنیا بھارت کا ظالمانہ ہاتھ روک کر اپنی ذمہ داری نبھائے۔ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے میں تباہی لا سکتا ہے۔ ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا اثر پوری دنیا پر ہو گا۔ سیمینار میں اعجاز احمد‘ خالد محمود‘ وقار احمد‘ سید مبین شاہ‘ امیر علی زیدی‘ نور حسین‘ منظور حسین اور دیگر نے شرکت کی۔