وزیراعظم کی آج چین روانگی‘ اسلام آباد میں ’’احساس لنگر‘‘ پروگرام کا آغاز بھی کریں گے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان آج پیر تین روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوںگے۔ وہ چینی قیادت سے علاقائی اور دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم عمران خان زراعت' صنعت اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کے علاوہ چین پاکستان اقتصادی راہداری لائحہ عمل کے تحت منصوبوں کو توسیع دینے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کریں گے وہ بیجنگ میں چین پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تبادلوں کو مزید فروغ دینا ہے۔وزیراعظم دورے کے دوران چینی سرمایہ کاروں اور مختلف کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔ فریقین چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر فوری عملدرآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے جس پر دونوں تزویراتی شراکت داروں نے دوطرفہ کاروبار اور تجارت کو مزید فروغ دینے کیلئے دستخط کیے ہیں۔فریقین چاول' گندم' مکئی' سویابین ' چینی اور تمباکو جیسی تمام پاکستانی زرعی اجناس کیلئے کوٹے کے خاتمے کا جائزہ بھی لیں گے جس سے پاکستان چین کے لئے خوراک کی مفید منڈی ثابت ہوگا۔ یہ وزیراعظم عمران خان کا ایک سال کے اندر چین کا تیسرا دورہ ہے۔ وزیراعظم کی آج چین روانگی‘ اسلام آباد میں ’’احساس لنگر‘‘ پروگرام کا آغاز بھی کریں گے