پاکستان کی سینئر‘ انڈر 23 والی بال ٹیموں میں 8لاکھ روپے کے انعامات تقسیم
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشین والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کی سینئر اور انڈر 23 ٹیموں کی شاندار کارکردگی پر پاکستان والی بال فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے اعزاز میں لاہور کے مقامی ہوٹل میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر سہیل خاور میر، پنجاب والی بال ایسوسی ایشن کے صدر سہیل حبیب تاجک، شمشہ ہاشمی، سابق کپتان پاکستان والی بال ٹیم عرفان نواز سمیت پاکستان سینئر اور انڈر 23 ٹیموں کے کھلاڑی و آفیشلز بھی موجود تھے۔ تقریب میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سہیل خاور میر اور عرفان نواز کی جانب سے اعلان کردہ 8 لاکھ روپے کے نقد انعامات کھلاڑیوں میں تقسیم کیے گئے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کا کہنا تھا کہ محدود وسائل میں پاکستان والی بال ٹیموں کو بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کرا کے بھجوایا گیا تھا۔ ایران اور میانمار میں منعقدہ چیمپئن شپ میں ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ انڈر 23 ٹیم پہلی بال ایشین چیمپئن شپ کے سیمی فائنل تک پہنچی تھی جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اگر کھلاڑیوں پر مزید محنت کی جائے تو وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ پاکستان انڈر 23 ٹیم نے جس طرح کی اچھی کارکردگی دکھائی ہے اب وہ اس پوزیشن پر آ گئی ہے کہ دنیا کی کسی بھی ٹاپ ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔ پاکستان ٹیم نے جنوری 2019ء میں چین میں اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کرنی ہے لیکن خدشہ ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے پاکستان ٹیم شرکت نہیں کر سکے گی۔ پاکستان میں والی بال کا ٹیلنٹ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی لیگز میں پاکستانی کھلاڑیوں کے بھی معاہدے ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستان والی بال فیڈریشن اگلے سال کے شروع میں والی بال لیگ کرائے گی جس سے فیڈریشن کے پاس اتنے فنڈز آ جائیں گے کہ وہ ملکی سطح پر والی بال کی سرگرمیوں میں اضافہ کر سکے گی۔