باؤلرز، بلے باز، ناکام، سری لنکا نے پہلی مرتبہ پاکستان کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دیدی
لاہور(چودھری اشرف+حافظ محمد عمران) پاکستان کے دورہ پر آئی ناتجربہ کار سری لنکن ٹیم نے سخت سیکورٹی حصار میں تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان پاکستان ٹیم کو 35 رنز سے شکست دیکر پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کر لی۔ سری لنکن ٹیم دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 182 رنز سکور کیے تھے جواب میں پاکستان ٹیم 147 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن کپتان ڈوسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گونا تھلینکا اور اویشکا فرنینڈو نے اننگز کا آغاز کیا۔ گونا تھلینکا نے پہلے میچ کی طرح دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی جارحانہ اندار اپنایا۔ سری لنکا کا سکور 16 پر پہنجچا تو اس موقع پر تھلینکا 15 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ ہو گئے۔ تھلینکا نے 10 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز سکور کیے۔ نئے کھلاڑی راجہ پکاسا میدان میں آئے انہوں نے بھی جارحانہ اندار اپنایا اور سکور کو 41 تک پہنچا دیا۔ راجہ پکاسا اور فرنینڈو کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 25 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ فرنینڈو کی وکٹ کی صورت میں ہوا جب وہ پاکستانی کھلاڑی شاداب خان کی سیدھی تھرو پر رن آوٹ ہو گئے۔ فرنینڈو نے 8 رنز سکور کیے۔ نئے کھلاڑی شیہان جے سوریا میدان میں آئے انہوں نے راجہ پکاسا کے ساتھ ملکر 10 اوورز کے خاتمے تک اپنی ٹیم کے سکور کو 80 پر پہنچا دیا۔ راجہ پکاسا 33 اور جے سوریا 18 کے سکور پر ناٹ آوٹ تھے۔ 11واں اوور کرانے کے لیے شاداب خان کو بال دیا گیا لیکن وہ مہنگے ثابت ہوئے انہوں نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 19 رنز دیکر سری لنکا کا سکور 99 تک پہنچا دیا۔ سری لنکا نے اپنے 100 رنز 11.1 اوورز میں مکمل کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 32 گیندوں پر پچاس رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ راجہ پکاسا نے 31 گیندوں 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ راجہ پکاسا پاکستانی باولرز کے لیے ڈرونا خواب بنا شروع ہو گئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 10.2 اوورز میں 94 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس کا خاتمہ 135 کے ٹوٹل پر اس وقت ہوا جب شیہان جے سوریا اپنی شاٹ پر رن بنانے کی کوشش میں آصف علی کی تھرو پر رن آوٹ ہو گئے۔ جے سوریا نے 28 گیندروں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز سکور کیے۔ دوسری جانب راجہ پکاسا 77 کے سکور پر ناٹ آوٹ کریز پر موجود تھے، نئے کھلاڑی کپتان ڈوسن شناکا میدان میں آئے تاہم میچ کے 17 اوور کی پہلی گیند پر شاداب خان کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں راجہ پکاسا باونڈری لائن پر کھڑے فخر زمان نے کوئی غلطی کیے بغیر ان کا کیچ لیکر اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ راجہ پکاسا نے 48 گیندوں کا سامنا کیا جس میں چھ چھکے اور چار چوکے لگا کر 77 رنز بنائے۔ سری لنکا کی پانچویں وکٹ 145 کے سکور پر اس وقت گری جب بھانوکا بغیر کسی سکور کے رن آوٹ ہو گئے۔ سری لنکا نے اپنے 150 رنز 17.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورے کیے۔ 155 کے سکور پر سری لنکا کی چھٹی وکٹ اوڈانا کی گری جنہیں 8 کے انفرادی سکورپر وہاب ریاض نے کلین بولڈ آوٹ کیا۔ سری لنکا کی اننگز کے 20 اوورز مکمل ہوئے تو سری لنکا کا سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز تھا۔ کپتان ڈوسن شناکا 15 اور ڈی سلوا 2 کے سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے باولنگ میں عماد وسیم نے 27 رنز دیکر ایک، وہاب ریاض نے 31 رنز کے عوض ایک، شاداب خان نے 38 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 183 رنز کے ہدف کے حصول کے لیے پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان ٹیم کو پہلا نقصان 9 کے ٹوٹل پر اس وقت اٹھانا پڑا جب فخز زمان سری لنکن باولر راجنتھا کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے چار گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز سکور کیے۔ پاکستان کو دوسرا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب بابر اعظم بھی نوان پردیپ کی گیند پر تین رنز بنا کر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ بابر اعظم نے دس گیندوں کا سامنا کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد خود بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور آتے ہی جارحانہ اندازر اپنایا۔ پاکستان کا سکور 51 پر پہنچا تو اس موقع پر اوپر تلے احمد شہزاد 13 اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے۔ ڈی سلوا کی گیند پر آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ عمر اکمل سیریز میں مسلسل دوسری مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔ اسی اوورز میں ڈی سلوا نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو بھی کلین بولڈ کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی کو آسان بنا دیا۔ سرفراز احمد نے 16 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بنا سکے۔ 52 پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد آصف علی اور عماد وسیم نے محتاط انداز اپنایا اور اگلے دو اوورز میں مزید 16 رنز بنا کر دس اوورز کے خاتمے پر پاکستان کا سکور 68 تک پہنچا دی۔ آصف علی اور عماد وسیم کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 47 گیندوں پر 75 رنزکی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 127 کے سکور پر اس وقت ہوا جب عماد وسیم 48 رنز بنانے کے بعد اوڈانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 29 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 8 چوکے لگائے۔ آصف علی 23 رنز پر ناٹ آوٹ کھیل رہے تھے، نئے کھلاڑی وہاب ریاض میدان میں آئے لیکن وہ بھی 7 رنز بنانے کے بعد نوان پردیپ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ پاکستان کا مجموعی سکور 136 رنز تھا۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ شاداب کی گری جو آتے ہی بغیر کوئی سکور بنائے اوڈانا کی گیند پر شناکا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 145 کے ٹوٹل پر پاکستان کے آصف علی بھی 29 رنز بنانے کے بعد پردیپ کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ آصف نے 27 گیندوں کا سامنا کیا جس میں تین چوکے لگائے۔ پاکستان کی آخری وکٹ محمد حسنین کی گری جو ایک سکور بنا کر پریدیپ کی گیند پر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ محمد عامر 5 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے باولنگ میں نوان پردیپ نے 25 رنز کے عوض چار، ڈی سلوا نے 38 رنز دیکر تین، اوڈانا نے 38 رنز دیکر دو جبکہ راجنتھا نے 11 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ 9 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم کے اسی میدان میں کھیلا جائیگا۔