• news

جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے ساڑھے 10 ارب کی اراضی‘ 42 کروڑ نقد ریکور کئے

اسلام آباد (نامہ نگار) جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے 11ارب 16کروڑ روپے کی ریکوری کر لی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میںنیب راولپنڈی نے ملزموں سے مجموعی طور پر اب تک 11ارب 16کروڑ روپے کی ریکوری کی ہے۔ کراچی سٹیل مل کی 10ارب 66کروڑکی اراضی ملزموں سے واپس لی گئی، اراضی کراچی سٹیل مل کو واپس بھی کر دی گئی۔ ایک اور ملزم سے پلی بارگین کی مد میں 48کروڑ روپے وصول ہوئے۔ نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں پلی بارگین کی درخواست بھی جمع کرا دی گئی۔ ریکوری 8ملزمان سے پلی بارگین کی صورت میں کی گئی۔ ملزمان حماد شاہد، عبدالغنی، طارق بیگ، محمد اقبال سے ریکوری کی گئی۔ پلی بارگین کرنے والوں میں محمد توصیف، عامر اور سراج شاہد بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جعلی اکاونٹس کیس میں اب تک 42ملزمان گرفتار ہیں۔ملزم عبدالغنی سے 37ایکڑ، حامد شاہد سے 34 ایکڑ زمین واپس لی گئی۔ طارق بیگ نے 33، محمد اقبال نے 32 ایکڑ زمین واپس کی۔ ملزم عامر نے 40 سراج شاہد نے 50 ایکڑ زمین واپس کی۔ نیب کے مطابق زمینوں کی الاٹمنٹ کے کیس میں ایک ملزم نے 42 کروڑ روپے نقد بھی واپس کئے، بیالیس کروڑ روپے واپس کرنے والے ملزم کو وعدہ معاف گواہ بھی بنایا گیا۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملزم ڈاکٹر ڈنشاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ ڈاکٹر ڈنشاہ کو جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت نے ملزم کو 21 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ای پیپر-دی نیشن