• news

جج ویڈیو سیکنڈل: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ناصر بٹ کو فریق بننے کی اجازت دیدی، رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس میں ناصربٹ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے ۔ عدالت نے رجسٹرا رکو ہدایت کی ہے کہ ناصر بٹ کی متفرق درخواست کو نمبر لگا کر سماعت کے لئے مقر ر کیا جائے۔عدالت نے قرار دیا ناصر بٹ کے متاثرہ فریق ہونے کا فیصلہ جوڈیشل سائیڈ پر کیا جائے گا۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ناصر بٹ کے وکیل چوہدری نصیر احمد بھٹہ نے درخواست میں متاثرہ فریق ہونے کے حوالہ سے دلائل دیئے تھے۔ناصر بٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر اپیل میں فریق بننے کے لئے درخواست دی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ ویڈیو کی فرانزک رپورٹ اور ٹرانسکرپٹ اور ایکسپرٹس کو بطور گواہ عدالت میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے اور ناصر بٹ کو مقدمہ میں فریق بننے کی اجازت دے دی ہے۔ اب درخواست پر نیب کو بھی نوٹس جاری کیا جائے گا اور جواب طلب کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن