پاکستان، سری لنکا کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی آج، میچ پنک ڈے سے منسوبصدر علوی کھلاڑیوں کو ربن پہنائیں گے
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج لاہور میں کھیلا جائیگا۔ مہمان ٹیم نے ابتدائی دونوں میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر رکھی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میچ شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آخری ٹی ٹونٹی میچ کو پنک ڈے سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی میچ سے قبل پنک ڈے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پی سی بی نے بریسٹ کینسر کی آگاہی کیلئے میچ کو پنک ڈے سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو پنک ربن پہنائیں گے۔ میچ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑی اور آفیشلز بھی مرض کی آگاہی کیلئے پنک ربن پہنیں گے۔ سٹیڈیم میں 12 ہزار شائقین کرکٹ میں پنک ربن تقسیم کئے جائیں گے۔ قذافی سٹیڈیم میں 750 کرکٹ فینز میں پنک شرٹس بھی تقسیم کی جائیں گی۔ پی سی بی نے شائقین کرکٹ سے بھی پنک شرٹ پہن کر سٹیڈیم آنے کی درخواست کی ہے۔