پاکستان تیسرا ٹی ٹونٹی بھی ہار گیا، سری لنکا ٹیسٹ سیریز کیلئے آنے پر بھی آمادہ
لاہور(چودھری اشرف/ حافظ محمد عمران ) سری لنکا نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی میزبان پاکستان ٹیم کو شکست دیکر تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں وائٹ واش شکست دیکر نئی تاریخ رقم کر دی۔ عالمی نمبر ون پاکستان ٹیم 8 ویں ریکنک کی ٹیم سے ایک میچ بھی جیت نہ سکی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز سکور کیے۔ جواب میں پاکستان ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ بیس اوورز کے کھیل میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی۔ قذافی سٹیڈیم میں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان ڈوسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گونا تھلیکا اور سماراوکرما نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ملکر ٹیم کے سکور کو 24 پر پہنچایا۔ محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سماراوکرما کا وکٹوں کے پیچھے کیح ڈراپ کر دیا۔ تاہم اسی اوور میں عامر نے گونا تھلیکا کو کلین بولڈ آوٹ کر دیا۔ تھلیکا نے 8 رنز سکور کیے۔ اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے بھی دوسرے اوپنر سماراوکرما کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ پاکستان کو تیسری کامیابی بھی جلد مل گئی جب 30 کے ٹوٹل پر مہمان ٹیم کے کھلاڑی راجا پکاسا محمد عامر کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باونڈری لائن پر کھڑے آصف علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ راجا پکاسا نے صرف تین رنز سکور کیے۔ سری لنکا کو چوتھا نقصان 57 کے سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب پریرا ڈبل سکور لینے کی کوشش میں وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں رن آوٹ ہو گئے۔ پریرا نے 13 رنز سکور کیے۔ دوسری جانب پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے فرنینڈو 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے پچاس رنز سکور کیے۔ فرنینڈو اور کپتان شناکا کے درمیان پانچویں کی شراکت میں 10 اوورز میں 76 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 134 کے سکور پر اس وقت ہوا جب وہاب ریاض کی گیند پر سری لنکن کپتان ڈوسن شناکا پاکستان کے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ شناکا نے 12 رنز سکور کیے۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ مدوشانکا کی گری۔ انہوں نے صرف ایک سکور بنایا اور محمد عامر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ ساتویں وکٹ اننگز کی آخری گیند پر ڈی سلوا 6 رنز بنا کر رنز آوٹ ہو گئے۔ سری لنکا کے 78 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ انہوں نے 48 گیندوں کا سامنا کا جس میں 8 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ پاکستان کی طرف سے باولنگ میں محمد عامر نے 27 رنز کے عوض تین، وہاب ریاض نے 26 رنز دیکر ایک، عماد وسیم نے 18 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو پہلی ہی گیند پر فخر زمان کی وکٹ کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔ فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ پھر حارث سہیل نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر محتاط انداز اپنایا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 76 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس موقع پر بابر اعظم 27 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر سماراوکرما کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ ہو گئے۔ پاکستان کا سکور 85 پر پہنچا تو اس موقع پر سیریز کا پہلا میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے ٹی ٹونٹی کیرئر کی دوسری نصف سنچری 46 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی۔ 94 کے ٹوٹل پر پاکستان ن کو تیسرا نقصان حارث سہیل کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ حارث سہیل نے 50 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنا سکے۔ 103 کے ٹوٹل پر پاکستان کو چوتھا نقصان عماد وسیم کی وکٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب عماد تین رنز بنانے کے بعد بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باونڈری لائن پر کھڑے ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ نئے کھلاڑی آصف علی آئے لیکن وہ صرف ایک رن بنانے کے بعد آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ان کی وکٹ ڈی سلوا کے حصے میں آئی۔ پاکستان ٹیم کے کپتان بھی انڈر پریشر ہو کر 17 کے انفرادی سکور پر ڈی سلوا کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ مقررہ50 اوورز کے کھیل میں پاکستان ٹیم 6 وکٹوں پر 134 رنز بنا سکی۔ وہاب ریاض 12 اور افتخار احمد 17 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے باولنگ میں ڈی سلوا نے تین، کمارا نے دو اور راجھنتھا نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ سری لنکا کے ونندو ہاسا رنگا کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان میں کامیاب ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے انعقاد کے بعد سری لنکا نے رواں سال پاکستان میں آکر ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونی ہے جس میں سے ایک ٹیسٹ میچ سری لنکا نے پاکستان میں آ کر کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ کو گرین سگنل دیدیا ہے۔ پاکستان میں کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹرز دو ٹیسٹ میچز کے لیے زیادہ وقت پاکستان میں گزارنے کے حق میں نہیں، مہمان کرکٹرز گھومنے پھرنے کی آزادی نہ ہونے کی وجہ سے کم وقت پاکستان میں گزارنے کے حق میں ہیں۔ شیڈول کے مطابق سری لنکا نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز دسمبر میں کھیلنا ہے۔