• news

پاکستان، چین نے ایم ایل ون منصوبے کو حتمی شکل دیدی: شیخ رشید

بیجنگ (نیٹ نیوز) پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اربوں ڈالر کے ایم ایل۔ ون منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں میڈیا کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آج صبح اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی اور اس منصوبے کو حتمی شکل دی۔ وفاقی وزیر ریلوے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ چین کا دورہ کرنے والے وفد کا حصہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا اس منصوبے میں زبردست دلچسپی لینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے لئے ایک اہم منصوبہ ہے۔ ایم ایل ون 14 سال بعد ایک حقیقی شکل اختیار کر گیا ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ انہوں نے ایم ایل ٹو (فاسٹ ٹرین) منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ بھی اپنے چینی ہم منصب کو فراہم کی ہے۔ ہم اگلے 3-4 سالوں میں ایم ایل ون کی تکمیل کے بعد تیز رفتار ٹرین منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔ ایم ایل ون کی تکمیل کے بعد، اس کی رفتار 65-105 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 120-160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی، 2025 تک مال بردار نقل وحمل 6 سے 35 ٹن تک بڑھ جائے گی۔ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی لمبائی تقریبا 1800 کلومیٹر ہوگی اور نیا سگنلنگ سسٹم لگایا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ نئے ٹریک پر کوئی کراسنگ نہیں ہوگی۔ ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل کے بعد ریلوے کے تمام موجودہ کراسنگز کو ختم کردیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن