جسٹس فائزبرطانیہ میں 3 جائیدادوں کے اصل مالک، بچے بے نامی دار ہیں: سپریم کورٹ میں حکومتی جواب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کی ریفرنس کے خلاف درخواست میں اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرا دیا ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ بر طانیہ میں تین جائیدادوں کے اصل مالک جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ہیںجبکہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے بچے اس کے بے نامی دار ہیں لیکن جسٹس قاضی فائز عیسی جائیداد خریدنے کے ذرائع بتانے سے گریز کر رہے ہیں۔ بطور اٹارنی جنرل ججز کے مواخذے کے واحد سپریم جوڈیشل کونسل کی معاونت کرنا آئینی ذمہ داری ہے ، اٹارنی جنرل نے واضح کیا ہے کہ وزیر قانون کا بار کونسلز میں چیک تقسیم کرنا غلط نہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کے الزامات محض مفروضوں پر مبنی ہیں۔ احتساب اور شفافیت جمہوریت کا حصہ ہے اس لئے احتساب سے کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں۔ صدر اور وزیر اعظم کو اپنی ذمہ داریوں پر آرٹیکل 248 کا استثنی ہے جواب میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسی کی طرف سے دائر کی گئی آئینی درخواست کو مسترد کرے۔