• news

برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرے: شاہ محمود

اسلام آباد/ بیجنگ (آئی این پی + آن لائن/ نوائے وقت رپورٹ/ سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، بھارت نے 80 لاکھ بے گناہ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے۔ شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد سمیت دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا برطانیہ سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق کردار ادا کرنا ہو گا۔ برطانوی شاہی خاندان کی بہت تکریم ہے۔ برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ شاہی جوڑے کو دورہ پاکستان سے دیرینہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ سی پیک کے پہلے فیز سے مطمئن ہیں۔ پہلے توانائی کی کمی کا سامنا تھا اب ہمارے پاس ضرورت سے زیادہ پاور جنریشن ہے۔ ہمیں بجلی کا ٹرانسمیشن سسٹم بہتر کرنا ہے۔ سی پیک کے فیز ٹو میں زراعت میں ترقی اکنامک زونز پر توجہ ہوگی۔ سی پیک کے فیز ٹو میں غربت کم کرنے اور روزگار بڑھانے پر زور ہوگا۔ سی پیک قرضوں کا حال والے بیانے سے متفق نہیں ایسا نہیں ہے ہمیں اپنے قرضوں اور چین کے دیئے قرضے کا کل حجم معلوم ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ ان کی عراقی ہم منصب محمد علی حاکم سے ٹیلیفون پر بات ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں اربعین کے ویزہ کے اجراء کا مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔ عراقی حکومت اور ان کی وزارت خارجہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست کو قبول کیا۔ وہ لوگ جو اربعین کے لیے عراق جانے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے ویزا کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں ان کو ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔ یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ اس سلسلے میں جو اضافی سٹاف درکار ہو گا وہ بھی عراقی سفارت خانے سے بھیجا جائے گا تاکہ ویزہ کے امور بروقت تکمیل پا سکیں۔ میں نے انہیں دورہء پاکستان کی دعوت بھی دی ہے جو انہوں نے قبول کی عراقی حکومت کی خواہش ہے کہ نہ صرف اہل تشیع بلکہ اہل سنت بھی جو زائرین زیارات کیلئے عراق آمد کے خواہاں ہیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ عراق میں امام ابو حنیفہ اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کے روضہ پر بھی جو آنا چاہیں وہ انہیں سہولت فراہم کریں گے۔ ہمیں خوشی ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن