عبدالرشید غازی کا قتل: اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشرف کی مقدمہ خارج کرنے کیلئے درخواست مسترد کردی
اسلام آباد (صباح نیوز+ آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی عبدالرشید غازی قتل کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔چیف جسٹس نے کہا کہ پرویزمشرف کے خلاف ایف آئی آر 2013 میں درج ہوئی، ابھی کیس کس اسٹیج پر ہے، اس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ کیس کا چالان 2014 میں عدالت میں جمع ہوا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ٹرائل ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوا؟ پرویزمشرف عدالتی مفرور تو نہیں؟ اس پر سرکاری وکیل نے بتایاکہ کچھ معلوم نہیں کہ ٹرائل ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوا۔بعد ازاں عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر کی درخواست کو مسترد کردیا۔ پرویز مشرف کے خلاف ایف آئی آر اخراج کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ آپ متاثرہ فریق ہیں اور نہ مفرور ملزم۔ پرویز مشرف عدالت کے سامنے موجود ہے۔ اگر پرویز مشرف آجائیں تو پھر ہی کیس کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔