• news

پنجاب اسمبلی: سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے مارچ کے شرکاء کو کینٹینر، کھانا دینے سمیت 3 قراردادیں جمع ،اجلاس آج ہوگا

لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رکن ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم 8 ویں نمبر کی ٹیم سے سیریز ہار گئی۔ قرارداد میں وائٹ واش کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات میں جیتنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کو دھرنے کے لیے کنٹینر، بریانی اور ٹینٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا وہ پورا کیا جائے۔ عظمیٰ بخاری نے وفاقی حکومت کو اپنی جمع کرائی گئی قرارداد میں یاد دلایا ہے کہ امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان، عمران خان کی خواہش پر دھرنے کے لیے اسلام آباد آرہے ہیں۔ پی ایم ایل (ن) کی رکن اسمبلی نے اپنی جمع کرائی گئی قرارداد میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ ایوان حکومت کو پرامن دھرنے کی یقین دہانی کراتا ہے۔ علاوہ ازیںلاہور چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس کہ مطابق پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان اردن کے تھنک ٹینک کے وزیراعظم عمران خان کو مین آف ایئر قرارد دینے کے فیصلے کو سراہتا ہے اور یہ قراردیتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جو تاریخ ساز جدوجہد کی ہے اس وجہ سے وہ ملک میں بھی اس اعزاز کے مستحق ہیں۔ادھراپوزیشن کی ریکوزیشن پر پنجاب اسمبلی کا آجلاس آج صبح 9 بجے ہوگا، اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کریں گے۔ ایجنڈا کے مطابق محکمہ خوراک سے متعلق سوالات دریافت کئے، اراکین اسمبلی کے توجہ دلاؤ نوٹسز کے زبانی جوابات دئیے جائیں گے۔ اجلاس میں امن و امان، ڈینگی، صحت کی عدم سہولیات، مہنگائی اور کشمیر کی صورتحال پر عام بحث کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس صرف ایک روز کیلئے ہی ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن