دہشتگردی مقدمات کے ٹرائل میں تاخیر ناقابل برداشت ہوتی ہے: جسٹس قاسم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججز کیلئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا۔ جسٹس محمد قاسم خان نے ابتدائی سیشن میں خصوصی شرکت کی۔ جسٹس قاسم خان نے کہا کہ پوری دنیا میں کپیسٹی بلڈنگ پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ ہماری عدلیہ کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کیلئے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ کپیسٹی بلڈنگ ورکشاپس اور کورسز ہماری موجودہ سکلز میں مزید نکھار پیدا کرتی ہیں۔ کیس مینجمنٹ میں مہارت ہونا ججز کے لئے بہت ضروری ہے۔ فوجداری مقدمات اور انسداد دہشت گردی مقدمات میں ٹرائلز کا وقت پر مکمل ہونا بہت اہم ہے۔ دہشت گردی کے مقدمات کے ٹرائل میں تاخیر ناقابل برداشت ہوتی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججز کو متعلقہ قانون پر مکمل ریسرچ کرنے اور عبور حاصل کرنا چاہئے۔