جی ایچ اے کی ہڑتال، مظاہرے، ٹیچنگ ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور، آپریشن تھیٹر، پتھالوجی سروسز معطل، مریض خوار
ملتان (سپیشل رپورٹر)ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کا انتہائی قدم،ملتان سمیت صوبہ بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں آوٹ ڈور ،آپریشن تھیٹر،ریڈیالوجی اور پتھالوجی سروسز معطل رہیں،ہزاروں مریض خوار،نشتر اور چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کا احتجاجی مظاہرہ،نشتر ہسپتال انتظامیہ ہڑتال رکوانے میں ناکام،ہزاروں مریض خوار،آپریشن لسٹیں بھی منسوخ تفصیل کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب نے ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف سرکاری ہسپتالوں کے آوٹ ڈور آپریشن تھیٹر،ریڈیالوجی اور پتھالوجی میں ہڑتال کے اعلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے گزشتہ روز ملتان سمیت پنجاب بھر کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں مکمل ہڑتال کئے رکھی ،ملتان میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے گزشتہ روز نشتر ہسپتال کے آوٹ ڈور سمیت آپریشن تھیٹر،پتھالوجی اور ریڈیالوجی میں ہڑتال کی گئی، گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے زیر اہتمام نشتر ہسپتال میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس اور ایپکا تنظیموں نے ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، رہنماوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے سرکاری ہسپتالوں کی غیر اعلانیہ نجکاری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں،مختلف ہسپتالوں میں کنونشنز، آگاہی سیمینار ، پریس کانفرنسز ، سڑکوں پر احتجاج، آؤٹ ڈورز کے سامنے احتجاج اور لانگ مارچ سمیت تمام تر آپشنز استعمال کیے گئے مگر حکومت وقت ٹس سے مس نہیں ہوئی اور اب چوری چھپے سے اس کالے قانون ایم ٹی آئی ایکٹ کو گیارہ اکتوبر سے شروع ہونے والے اسمبلی سیشن میں منظور کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں،انہی حالات کے پیش نظر گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب نے مجبوراً انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے،ادھر نشتر ہسپتال کے آوٹ ڈور معائنہ کروانے اور انسولین لینے کے لئے آئے بزرگ مریض،خواتین نوجوان بچوں نے آوٹ ڈور کے باہر فرش پر ڈیرے ڈال لئے،مریضوں کا کہنا تھا حکومت ڈاکٹروں کو ہڑتال سے روکے آج نشتر ہسپتال میں نہ تو سی ٹی اسکین،ایم آر آئی کیا جا رہا ہے اور نہ کوئی ڈاکٹر چیک کر رہا ہے کئی مریض ٹانگوں پر پلستر چڑھائے اسٹریچر پر لیٹے درد سے کراہتے رہے، نشتر انتظامیہ سرکاری ملازمین سے ڈیوٹی کروانے میں مکمل ناکام ہو گئی،اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے ہڑتال ختم کروانے کی کوشش کی اور وارڈ نمبر 9 کے ڈاکٹر افتخار بوبی کو مذاکرات کے لئے بھیجا تاہم وہ بھی ہڑتال ختم کروانے میں ناکام رہے۔ نشتر ہسپتال انتظامیہ جو گزشتہ روز ہڑتال روکنے میں ناکام رہی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو ہڑتال سے روکنے کے لئے زبانی دھمکیاں دینے کے بعد اب وارڈز کے سربراہان کے ذریعے ڈیوٹی پی جی آرز، اور ہاوس آفیسرز کوآج ہر صورت وقت پر ڈیوٹی جوائن کرنے کے لئے باقاعدہ مراسلہ جاری کروا دیا گیا ہے،تاہم گرینڈ ہیلتھ الائنس ملتان کے عہدیدران ڈاکٹر فاران،ڈاکٹر وقار نیازی،ڈاکٹر ذوالقرنین،رانا عامر،اقبال طائر،اشرف ساقی اور دیگر نے کہا کہ انتظامیہ کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف دیوار بن کر کھڑے رہیں گے