• news

سعودی نائب وزیر دفاع امریکہ پہنچ گئے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں

واشنگٹن (این این آئی)سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز امریکہ پہنچ گئے ۔ واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک اسپر سے ملاقات کی۔ انہوں نے ٹویٹر اکائونٹ پر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں ان ملاقاتوں کے بارے میں بتایا ہے۔شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ مجھے امریکی وزیر خارجہ سے مل کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کی گہرائی پر زور دیا۔ ان کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو برقرار رکھنے، مشترکہ چیلنجوں کا مل کر سامنا کرنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایک دوسری ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میں نے امریکی وزیر دفاع مارک اسپر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مشترکہ چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے دونوں ملکوں کی طرف سے جاری کوششوں کوآگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن