قومی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 26 اکتوبر کو آسٹریلیا روانہ ہو گی
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم 26اکتوبر کو آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوگی۔قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔سری لنکا کے خلاف ذلت آمیز شکست کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھنے کا امکان ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہناہے کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان اس وقت جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز دیکھنے کے بعد کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی یہ سمجھتا ہے کہ سرفراز احمد دباؤ کا شکار ہیں تاہم یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ بابر اعظم ابھی اس منصب کو سنبھالنے کے حوالے سے ذہنی طور پر تیار نہیں۔بابر اعظم کی بھی سیریز میں کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں تھی جو نائب کپتان ہونے کے باوجود تین میچوں کے دوران صرف 43 رنز ہی بنا پائے۔سرفراز احمد بھی تین میچوں میں 24، 26 اور 17 رنز ہی اسکور کر پائے اور ان سے پاکستانی ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔پی سی بی ذرائع کا کہناہے کہ ہیڈکوچ کم چیف سلیکٹر مصباح الحق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سر فراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ ان کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے ٹیسٹ کا نیا کپتان لایا جا سکتا ہے اور اس کے لیے اظہر علی کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کارکردگی بہتر بنانے میں ناکام رہی تو کپتانی بابر اعظم کے سپرد کردی جائے گی۔واضح رہے کہ مصباح الحق چند روز قبل پریس کانفرنس میں دونوں سینئرکھلاڑیوں کی کمی محسوس کئے جانے سے متعلق بات کرچکے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل اختتام پذیر ہونے والی سیریز میں نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو سری لنکا کی کمزور ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں باآسانی شکست دے دی۔ان نتائج پر پاکستانی کرکٹ شائقین نے سخت مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا، یہاں تک کہ ایک شائق کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم کے باہر سرفراز احمد کے پوسٹر کو پھاڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔پاکستانی کپتان کی کافی عرصے سے فارم خراب ہے کئی کرکٹنگ حلقوں نے ٹیم میں ان کی جگہ پر ہی سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر مصباح الحق کی خواہش ہے کہ ٹیم کا کپتان مستقبل بنیادوں پر بنایا جائے تاہم سرفراز کی انفرادی اور ٹیم کی کارکردگی بورڈ کو ایسا قدم اٹھانے سے دور رکھ رہی ہے۔